سوہاوہ میں آٹا سمگل کرنے والا ڈرائیور پولیس کی حراست سے فرار، محرر معطل

سوہاوہ: تھانہ سوہاوہ پولیس کی حراست سے آٹا سمگل کرنے والا ڈرائیور اٹے سے لدے ٹرک سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
واقعہ 5 ستمبر کو پیش آیا جب محکمہ فوڈ، پیرافورس اور محکمہ زراعت کی مشترکہ کارروائی کے دوران آٹا سمگلنگ میں ملوث ٹرک اور ڈرائیور پکڑے گئے تھے۔
بعد ازاں تینوں محکموں نے مزید کارروائی کے لیے ملزم اور ٹرک کو تھانہ سوہاوہ پولیس کے حوالے کیا، تاہم پولیس کی غفلت یا ممکنہ ملی بھگت کے باعث ڈرائیور اٹے سے لدے ٹرک سمیت رفو چکر ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تھانہ سوہاوہ کے محرر کو معطل کر دیا اور معاملے کی چھان بین کا حکم دے دیا۔ ڈی پی او نے کہا کہ جو بھی اہلکار واقعے میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



