مخلوقِ خدا کی خدمت اصل کامیابی ہے، توصیف بیگ

جہلم : توصیف بیگ نے کہا ہے کہ رب کریم کی مخلوق کی خدمت کرنا خوش نصیب لوگوں کے حصے میں آتا ہے، معاشرے میں باہمی رواداری، اخوت اور خدمتِ خلق کے جذبات ہی اصل خوشحالی اور سکون کا ذریعہ ہیں۔
شہر کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت اور حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر توصیف بیگ نے رزق لنگر خانے کے باہر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخلوقِ خدا کی خدمت نہ صرف عبادت ہے بلکہ تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سنتِ مبارکہ بھی ہے۔ اللہ کے دیے ہوئے رزق کو اللہ کی مخلوق میں تقسیم کرنا ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہی اصل کامیابی ہے۔
اس موقع پر رزق لنگر خانے میں سینکڑوں مستحق افراد موجود تھے جو یومیہ بنیادوں پر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے فراہم کردہ کھانے سے مستفید ہو رہے تھے۔
توصیف بیگ نے مزید کہا کہ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی ہمیشہ عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے رکھے گی، کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جس سے دنیا و آخرت میں سرخروئی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی خدمتِ خلق کے سفر کی ایک روشن مثال ہے۔



