جہلم کی پروفیسر کالونی اندھیروں میں ڈوب گئی، اسٹریٹ لائٹس بند، وارداتوں میں اضافہ

جہلم شہر کے گنجان آباد علاقے پروفیسر کالونی میں اسٹریٹ لائٹس کی خرابی کے باعث علاقہ کئی دنوں سے گھپ اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔
اندھیروں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور موٹرسائیکل چھیننے اور چرانے کی وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، جس سے مکین خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد بار میونسپل کمیٹی کے متعلقہ ذمہ داران کو زبانی و تحریری طور پر آگاہ کیا گیا لیکن تاحال کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔ اندھیروں کی وجہ سے نہ صرف چوری اور ڈکیتی کے خدشات بڑھ گئے ہیں بلکہ خواتین اور بچوں کے لیے شام کے بعد گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسٹریٹ لائٹس کو فعال بنایا جائے اور علاقے میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ مزید جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



