پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم دلچسپی، بیکریوں میں ناقص مٹھائیوں کی فروخت، شہری بیماریوں میں مبتلا

جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی عدم دلچسپی اور غفلت نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں بیکری مالکان غیر معیاری اور ناقص اشیاء استعمال کرکے مٹھائیاں تیار و فروخت کر رہے ہیں، جس کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
بیکری مالکان راتوں رات کروڑ پتی بننے کی غرض سے غیر معیاری مٹیریل سے مٹھائیاں بنانے لگے ہیں۔ ان مضر صحت مٹھائیوں کے استعمال سے شہری متعدد بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں لیکن بدقسمتی سے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس سنگین مسئلے پر کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران صرف بڑی بڑی گاڑیوں میں شاہانہ پروٹوکول کے ساتھ فوٹو سیشن تک محدود ہیں اور عملی طور پر کارروائی نہ ہونے کے باعث ناقص مٹھائی تیار و فروخت کرنے والوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔
ضلع جہلم کے عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کو فوری متحرک کیا جائے اور ناقص و مضر صحت مٹھائیاں تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔



