محکمہ کالجز کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں نعتیہ مشاعرہ، شعرا کا حضور ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کا اظہار

جہلم: ماہِ ربیع الاول کی بابرکت مناسبت سے محکمہ کالجز کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال جہلم میں نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ضلع جہلم کے نامور نعت گو شعراء نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔
نعتیہ مشاعرہ کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمان، اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن اکرام اللہ نیازی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر حماد رضا اعوان تھے۔
تقریب میں شعرا عبدالحمید جہلمی، احسان شاکر، پروفیسر محمد احسان، محمد شکیل سمیت دیگر مقامی نعت گو شعرا نے شرکت کی اور اپنے پرجوش کلام سے شرکائے تقریب کے دلوں کو منور کیا۔ سامعین نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے والے شعرا کو بھرپور داد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن اکرام اللہ نیازی نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صرف تقریبات تک محدود رہنے کے بجائے ہم اپنی زندگیوں میں سیرتِ طیبہ ﷺ کو عملی طور پر اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص ربیع الاول کی مناسبت سے آقا ﷺ کی کم از کم ایک سنت کو پختگی سے اپنانے کا عزم کرے تاکہ ہم سنت کے فیوض و برکات سے مستفید ہو سکیں اور ایک اچھے مسلمان کی عملی تصویر بن سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شعراء کرام میں قرآنِ کریم کے نسخے بطور تحائف پیش کیے گئے۔



