ضلع جہلم میں فلیش فلڈ سے تباہی، 23 ہزار افراد متاثر، امدادی کارروائیاں جاری

جہلم: ضلع جہلم میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایت پر متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم میں 55 ملی میٹر جبکہ تحصیل سوہاوہ میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں 11 دیہاتوں کے تقریباً 23 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ ریسکیو کارروائیوں کے دوران 137 افراد کو بروقت پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
بارشی پانی سے خورد کے مقام پر سٹیل پل متاثر ہوا جبکہ جہلم تا پنڈدادنخان روڈ پر تین پل، ایک پلی، دو سڑکیں اور ایک مکان جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق جہلم کے تمام 11 سمال ڈیم مستحکم حالت میں ہیں اور ان کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔



