افغان مہاجرین کی واپسی کی 31 اگست آخری تاریخ، 6 ماہ توسیع کی خبریں بے بنیاد قرار

جہلم سمیت ملک بھر میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے 31 اگست آج آخری دن ہے۔ تمام افغان مہاجرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رضا کارانہ طور پر اپنے وطن افغانستان واپس چلے جائیں۔ حکومت کی جانب سے افغان باشندوں کو مزید مہلت دینے یا 6 ماہ کی توسیع کی افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغان وزارتِ داخلہ اور یو این ایچ سی آر کے درمیان نیا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت اب افغان مہاجرین کو پاکستان سے افغانستان جاتے ہوئے رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یو این ایچ سی آر افغان مہاجرین کو طورخم بارڈر پر افغانستان کے اندر مالی امداد اور دیگر سہولتیں فراہم کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ تمام افغان باشندوں کے لیے آج رات 12 بجے تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین پر فارن ایکٹ کی دفعہ 148 لاگو ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 45 برس سے پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیے ہیں۔ 40 سال قبل لاکھوں افغان باشندے بے سرو سامانی کے عالم میں پاکستان آئے تھے اور مقامی عوام نے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ تاہم حکومت پاکستان نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ اب تمام افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہو گا تاکہ اپنے ملک میں نئے مستقبل کا آغاز کر سکیں۔



