جہلم میں بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، گلیاں و بازار تالاب کا منظر پیش کرنے لگے

جہلم اور گردونواح میں گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی ہلکی اور تیز بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ بارش کے باعث گلیاں، محلے، سڑکیں اور بازار پانی میں ڈوب گئے اور دریا کا منظر پیش کرنے لگے۔
شہریوں کو گھروں سے مساجد اور بازاروں تک جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی علاقے برساتی پانی جمع ہونے کے باعث گھنٹوں متاثر رہے۔ شہری بارش کا پانی کم ہونے کے انتظار میں گھروں تک محدود رہے اور معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نالوں کی صفائی اور کشادگی کے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بارش کے دوران پیدا ہونے والی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔



