وزیر مملکت بلال اظہر کیانی ضلع جہلم کومثالی بنانے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز لارہے ہیں، راجہ کامران حیات

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما، سابق چیئرمین یونین کونسل چک خاصہ اور نومنتخب وائس چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی راجہ کامران حیات نے جہلم پریس کلب کے صحافیوں کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پرتکلف ڈنر کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ شرکاء کا شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ کامران حیات نے کہا کہ ان کا خاندان روایتی سیاست سے ہٹ کر خدمت انسانیت، دیانت، کردار اور عوامی بھلائی کے جذبے کے تحت سیاست کے میدان میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے کا آئینہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ صحافی برادری کو عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی حالات میں صحافیوں کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے کیونکہ میڈیا ہی وہ ذریعہ ہے جو عوام اور حکمرانوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔

راجہ کامران حیات نے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے ضلع جہلم کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز منظور ہوئے ہیں جن کے نتائج جلد نمایاں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلال اظہر کیانی نے عرصہ دراز سے التوا کا شکار جہلم تا للِہ دورویہ سڑک کے لیے فنڈز نہ صرف منظور کروائے بلکہ اس پر تیزی سے تعمیراتی کام بھی شروع کروایا۔ اب یہ سڑک تقریباً مکمل ہو چکی ہے، جس کی بدولت علاقے میں سفری سہولیات میں بہتری اور خوشحالی کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بہت جلد پنڈدادنخان تا جہلم دورویہ سڑک بھی مکمل ہو جائے گی جس سے تحصیل پنڈدادنخان اور تحصیل جہلم کے عوام کی مشکلات میں غیرمعمولی کمی واقع ہو گی اور یہ علاقے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

اس موقع پر صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی نے راجہ کامران حیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ کی بنیاد پر صحافت کرنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے، لیکن جو صحافی حق گوئی اور غیر جانبداری پر قائم رہتے ہیں وہی دراصل صحافت کی اصل روح کے امین ہوتے ہیں۔

تقریب سے جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جہلم پریس کلب میں تمام میڈیا نمائندگان مثبت اور ذمہ دار صحافت کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرد صحافت معاشرے کے لیے بدنما داغ ہے اور ایسے عناصر کے لیے جہلم پریس کلب میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافت کے اتائیوں کو کلب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تقریب میں عامر کیانی، عبدالقدیر بیگ، چوہدری عابد محمود، الیاس صادق وٹو، ڈاکٹر اعجاز اعوان، محترمہ صائمہ سحر، عبدالغفار آزاد، عبدالرحمن قادری، چوہدری تصور حسین، چوہدری مہربان حسین، شہریار علی، دانیال عابد، مقصود احمد نقیبی، شیخ ذوالفقار علی، ملک فدا حسین، چوہدری ظفر نور، سید ناصر محمود، فضل خان، سید اکرم حسین بخاری، مرزا عبدالجبار بیگ، بلال رضا، سہیل کیانی، غلام قادر، سید قلب حسنین شاہ، مرزا زین بیگ، اسماعیل افتخار، عاطف بٹ سمیت دیگر صحافی اور معززین بھی موجود تھے۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر اور ملکی ترقی و استحکام کی دعا کے ساتھ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button