جہلم سمیت 56 شہروں میں پراپرٹی ویلیوایشن کی شرح میں 80 فیصد تک اضافہ

جہلم: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جائیداد کی قیمتوں کو مارکیٹ ریٹ کے قریب لانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر کے 56 شہروں میں پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس میں 80 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو بہتر بنانا اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ضابطے میں لانا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان شہروں میں جہلم بھی شامل ہے جہاں پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹس لاگو کر دیے گئے ہیں۔ ان ریٹس میں اوسطاً 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد مجموعی طور پر پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس مارکیٹ ریٹ کے 80 فیصد کے برابر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب، کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت 11 بڑے شہروں میں فی الحال پرانے ریٹس برقرار رکھے گئے ہیں جبکہ کوئٹہ، گوادر، ملتان، بہاولپور، لسبیلہ، سرگودھا، اور رحیم یار خان میں بھی ویلیوایشن ریٹس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
جن شہروں میں ریٹس میں اضافہ کیا گیا ہے ان میں پشاور، ایبٹ آباد، فیصل آباد، گجرات، اٹک، ہری پور، وزیرآباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، بہاولنگر، بنوں، بکھر، چکوال، چینیوٹ، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، مری، گھوڑا گلی، جھنگ، گھوٹکی، قصور، کوہاٹ، خوشاب، حافظ آباد، کوٹلی ستیاں، لاڑکانہ اور لودھراں شامل ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس میں اس رد و بدل کا مقصد جائیداد کی خرید و فروخت میں شفافیت لانا اور ریونیو کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔ یہ اقدام پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو بھی بہتر بنانے میں مدد دے گا۔



