چند خاندانوں کو ریلیف دینے کی بجائے 26 کروڑ عوام کو ریلیف دیا جائے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم شہر کی معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت 61 شوگر ملز یونٹ کام کر رہے ہیں جبکہ تاجر، چھوٹے دکاندار اور عام کاروباری افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ چینی اب ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے، لیکن حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان 165 روپے ایکس مل ریٹ ہرگز نہیں دیں گے کیونکہ وہ اس وقت حکومت کی چھتری تلے بیٹھے ہوئے ہیں۔ حکمران 61 افراد کو پابند کرنے کی بجائے 26 کروڑ عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں، جو کہ غریب عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ یہ استحصالی سلسلہ گزشتہ پچاس سالوں سے جاری ہے، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ چند خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کی بجائے ملک کے 26 کروڑ عوام کو ریلیف دے تاکہ عوام کی دعائیں حاصل کر سکے۔



