جہلم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی رابطہ سڑکیں تباہ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں خورد، جلالپور شریف، مصری موڑ اور ڈھیری پیراں کے مقام پر زیر تعمیر جہلم للِہ دورویہ سڑک گڑھوں اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم تا للِہ زیر تعمیر سڑک سیلابی پانی اور ناقص نکاسی کے باعث مختلف مقامات پر گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ خورد، جلالپور شریف، اور ڈھیری پیراں کے اطراف میں کیچڑ اور پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے نہ صرف آمدورفت شدید متاثر ہے بلکہ تحصیل پنڈ دادنخان اور تحصیل جہلم کے عوام کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے رابطہ بھی کئی روز سے منقطع ہے۔
شہریوں کو مجبوراً ضلع منڈی بہاؤالدین اور ضلع گجرات کے راستے سے لمبا سفر طے کر کے جہلم پہنچنا پڑ رہا ہے، جس سے وقت اور وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے۔ مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سڑک کی نکاسیِ آب اور مرمت پر کوئی توجہ نہیں دی، جس سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔
اہلیانِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں، سڑک پر موجود گڑھوں کو پر کر کے نکاسیِ آب کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ دونوں تحصیلوں کے شہریوں کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے رابطہ بحال ہو اور عوام کو درپیش اذیتناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔



