جہلم میں منشیات کیس میں جرم ثابت ہونے پر خاتون کو 14 سال قید کی سزا

جہلم میں منشیات کیس میں جرم ثابت ہونے پر خاتون کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق منشیات کے مقدمہ نمبر 534/24 میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرمہ ساجدہ عادل کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ تھانہ سٹی میں درج مقدمہ بجرم CNSA 9(1)3D میں خاتون مجرمہ ساجدہ عادل پر منشیات فروشی کا الزام تھا، جس پر عدالت نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سزا کا فیصلہ سنایا۔
مجرمہ ساجدہ عادل کو سال 2024 میں جہلم پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے کیس کو نہایت پیشہ وارانہ انداز میں ٹریس کیا، گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں جمع کروایا۔ مقدمہ کی موثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے مجرمہ کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جن کے خلاف جہلم پولیس کا بلا امتیاز آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے انوسٹی گیشن ٹیم اور لیگل ٹیم کی پیشہ وارانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔



