جہلم کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل پروے کار لائے جائیں گے، کمشنر انجینئر عامر خٹک

جہلم: کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی بھرپور مدد کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جہلم کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم سمیت راولپنڈی ڈویژن کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا اور کمشنر کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کی کوششوں پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے باعث زیادہ تر علاقے سیلاب سے قبل خالی کروا لیے گئے تھے اور اچانک آنے والے سیلاب کے بعد تمام متعلقہ اداروں نے فوری ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لیا اور عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے میں مؤثر کردار ادا کیا۔
کمشنر راولپنڈی نے فلڈ ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کیا جہاں متاثرین کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متاثرین سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات جاری ہیں اور نقصانات سے دوچار شہریوں کی مکمل مدد کی جائے گی۔”
کمشنر راولپنڈی نے ریسکیو 1122، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، پاک فوج، پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
ریسکیو 1122 کے حکام نے بھی کمشنر راولپنڈی کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ضلعی انتظامیہ اور تمام امدادی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور امدادی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔



