پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی ماہِ جون 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری

سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے ایس ایس پی محمد بن اشرف کی زیرِ ہدایت گزشتہ ماہ کے دوران جرائم کے سدباب، عوامی خدمت اور ٹریفک نظم و ضبط کے لیے موثر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ترجمان پٹرولنگ پولیس کے مطابق ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ 185 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جن میں 3 عدد پسٹل، ایک رائفل معہ 32 روند، ایک چوری شدہ گاڑی اور 4 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے 33 اشتہاری اور 37 عدالتی مفروروں کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کیا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 25,556 ای چالان کیے گئے، جبکہ گاڑیوں میں غیر معیاری گیس سلنڈر نصب کرنے پر 77 ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ ای ایپ چیکنگ کے ذریعے 2,88,247 افراد اور 75,841 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پٹرولنگ پولیس نے دوران سفر 300 پریشان حال مسافروں کی مدد کی، جن میں 13 فرسٹ رسپانڈ کیسز اور فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ مزید برآں 7 گمشدہ بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے سپرد کیا گیا۔
عوامی آگاہی کے لیے کمیونٹی پالیسنگ میٹنگز اور روڈ سیفٹی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا گیا جنہیں شہریوں نے خوب سراہا۔ اسی طرح ڈرائیونگ اسکولز میں 52 افراد کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کی گئی، جبکہ 655 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
کم عمر اور غیر ذمہ دار موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 230 کم عمر جبکہ 3016 بغیر کاغذات یا ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کی گاڑیاں بند کی گئیں۔
ایس ایس پی محمد بن اشرف نے کہا ہے کہ پٹرولنگ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، روڈ سیفٹی، اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی پوری ذمہ داری سے جاری رہے گا۔



