جہلم میں گرمی و حبس کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر، صارفین پریشان

جہلم: شدید گرمی اور حبس کے موسم میں آئیسکو اربن سب ڈویژن جہلم کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث شہریوں خصوصاً بچوں اور بزرگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔
دن ہو یا رات، گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کوئی خاطرخواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔
اربن سب ڈویژن کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ بجلی بندش کی جا رہی ہے۔ گرمی اور حبس کے عذاب میں مبتلا شہریوں کے لیے نہ صرف رہائش مشکل ہو چکی ہے بلکہ دفاتر اور کاروبار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
شکایت کے اندراج کے لیے سب ڈویژن کے دفتر میں ایک ٹیلی فون تو موجود ہے مگر اس کو اٹینڈ کرنے کے لیے کوئی عملہ دستیاب نہیں ہوتا۔ دفتر جو کہ کالا گجراں گریڈ اسٹیشن سے ملحقہ سرکاری عمارت میں واقع ہے، شہر سے تقریباً ساڑھے چھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اور شہریوں کو اپنی شکایات درج کرانے کے لیے سخت موسم میں یہ سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دفتر پہنچنے پر عملہ انہیں صرف "لولی پاپ” دے کر ٹرخا دیتا ہے اور شکایات پر سنجیدگی سے عمل نہیں کیا جاتا۔ گرمی کی شدت کے ساتھ ہوا نہ چلنے کی وجہ سے شدید حبس نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے جبکہ آئیسکو اربن سب ڈویژن کے اہلکاروں کی غفلت اور عدم توجہی نے عوام کو سخت اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔
متاثرہ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ آئیسکو کے چیف انجینئر اور اعلیٰ حکام فوری طور پر نوٹس لیں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت شکایات کے مؤثر حل کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ان کے صبر کا پیمانہ مزید لبریز نہ ہو۔



