جہلم کے علاقہ آئمہ افغانان کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم، نکاسی آب کے مسائل پر سڑکوں پر احتجاج

جہلم: ضلع جہلم کی یونین کونسل بوکن کے نواحی علاقہ آئمہ افغانان کے مکین آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ نکاسی آب کے سنگین مسائل سے تنگ آکر علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور جہلم چک دولت روڈ پر احتجاج کیا۔

آئمہ افغانان کے رہائشیوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ علاقہ حکومتی توجہ سے یکسر محروم ہے۔ نکاسی آب کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں گندے پانی سے بھر چکی ہیں جس کے باعث مکینوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ گلیوں میں کھڑا پانی گھروں کی بنیادوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، دیواریں سیم زدہ ہو چکی ہیں اور مسجدوں تک جانا مشکل ہو گیا ہے۔ خواتین، بچے اور طلبہ و طالبات آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ خوشی و غمی کے مواقع بھی اذیت ناک بن چکے ہیں۔

معروف قانون دان تبسم رضا خان نے بتایا کہ گاؤں کے داخلی راستے پر کئی فٹ گندا پانی جمع ہو چکا ہے، جو تالاب کا منظر پیش کرتا ہے۔ اس جوہڑ کے باعث شدید تعفن، مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات اور منتخب عوامی نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آئمہ افغانان کے گمبھیر مسئلہ نکاسی آب کو فوری حل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو اور لوگ دوبارہ اپنے آبائی علاقے میں سکونت اختیار کر سکیں۔

اہلِ علاقہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button