ضلع جہلم میں تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے سماجی تنظیموں کے اقدامات قابل تحسین ہیں، سنیہ صافی

جہلم: ضلع جہلم میں تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے سماجی تنظیموں کے اقدامات قابل تحسین ہیں، جو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بہترین ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے گورنمنٹ تبلیغ الاسلام سکول میں نئی کلاسز کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ یہ تعمیراتی منصوبہ سماجی تنظیم "خیر الناس جادہ” کی جانب سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت سکول میں کلاس رومز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دو نئے کلاس رومز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

سنگ بنیاد رکھنے کی اس پروقار تقریب میں چیئرمین خیر الناس چوہدری محمد اقبال، پروجیکٹ انچارج انعام الحق، سکول پرنسپل اور دیگر معززین بھی شریک تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد اقبال نے بتایا کہ خیر الناس تنظیم کی جانب سے ضلع جہلم کے متعدد سکولوں میں نئے کلاس رومز تیار کیے جا چکے ہیں تاکہ طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول اور سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون ان کی تنظیم کا مشن ہے، اور وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت مزید فلاحی منصوبے شروع کریں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے سماجی تنظیم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لیے خیر الناس جیسی تنظیموں کی خدمات نہایت اہم ہیں، اور ان کا ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون قابل تعریف ہے۔ ایسے اقدامات سے سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات بہتر ہوں گی اور طلباء کو معیاری تعلیم کا ماحول میسر آئے گا۔

تقریب کے اختتام پر سکول انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے خیر الناس تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور مزید تعلیمی ادارے اس فلاحی تعاون سے مستفید ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button