جہلم سمیت پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن کا فیصلہ

دینہ: پنجاب حکومت نے جہلم سمیت پورے صوبے میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس، شادی ہالز، مارکیز اور میرج گارڈنز کی رجسٹریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اس حوالے سے اقدامات کی منظوری دی گئی ہے تاکہ ان تمام اداروں کو قانون کے تحت لایا جا سکے اور کاروباری شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کی رجسٹریشن لازمی ہوگی تاکہ ان کی نگرانی کی جا سکے اور صارفین کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ تاہم، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹیکس میں اضافے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کاروباری طبقے پر اضافی بوجھ ڈال سکتے ہیں۔
مزید برآں، پنجاب ریونیو اتھارٹی، مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریونیو کے نئے مواقع تلاش کریں تاکہ صوبے کی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔ یہ حکومتی اقدام کاروباری شعبے کو بہتر انداز میں منظم کرنے اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔



