عید الفطر کی آمد سے قبل ہی جہلم میں قصابوں نے چھریاں ٹوکے تیز کر لئے

جہلم: عید الفطر کی آمد سے قبل ہی قصابوں نے چھریاں ٹوکے تیز کر لئے، شہر اور گردونواح میں بڑا گوشت،چھوٹا گوشت اور چکن قصاب من مانے نرخوں پر فروخت کرنے لگے ۔
تفصیلات کے مطابق گائے کے گوشت کی سرکاری قیمت 700 روپے،بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت 1400 روپے جبکہ برائلر مرغی کا گوشت629 روپے مقرر ہے ، اس طرح قصاب گائے کا گوشت 900 روپے فی کلو گرام جبکہ بکرے کا گوشت 1800 سے 1900 روپے اسی طرح مرغی کا گوشت 800 گرام ساڑھے 6 سو روپے میں فروخت کررہے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بکرے کا گوشت ، گائے کا گوشت اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کی اکثریت نے نالوں پر کھلے عام گوشت لٹکا رکھا ہے ۔ جس پر مکھیاں ، مچھر بھنبھناتے اور پھٹوں کے ادرگرد کتے بلیاں مٹر گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر سمیت ضلع بھر میں قصابوں کو ایس او پیز کا پابند بنایا جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری سرکاری نرخوں پرحفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت خرید کر استعمال کرسکیں ۔



