جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی میں "سلامِ عقیدت و اظہارِ تشکر” کی پروقار تقریب، افواجِ پاکستان کو فتح پر خراجِ تحسین

سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی کی معروف دینی درسگاہ جامعہ صدیقیہ قادریہ جامع مسجد مدنی محلہ شمالی ڈومیلی میں ایک روح پرور اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان "سلامِ عقیدت و اظہارِ تشکر” تھا۔
تقریب کا مقصد حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا اور آپریشن "بنیان مرصوص” میں افواجِ پاکستان کو حاصل ہونے والی فتحِ مبین پر مبارکباد پیش کرنا تھا۔ مقررین نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کی جرأت، ایمانی جذبے اور قومی وقار کی حفاظت پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے میزبان جامعہ صدیقیہ قادریہ کے مدیر و خطیب مولانا قاری محمد اسحاق فاروقیؒ کے صاحبزادے قاری محمد نعمان فاروق تھے۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام مدنی محلہ جہلم کے خطیب اور حضرت مولانا عبداللطیف جہلمیؒ کے پوتے صاحبزادہ مولانا قاری محمد عمر فاروق نے شرکت کی اور ایمان افروز خطاب کیا۔
اس موقع پر جن علمائے کرام اور شخصیات نے اظہارِ خیال کیا جن میں ڈاکٹر سید زین العابدین شاہ گیلانی، مولانا محمد ریاض، مفتی محمد سفیان فاروق، مفتی محمد منصور الحق، مولانا فرقان احمد، حافظ قاری محمد ارشد، مولانا محمد زعفران، مولانا محمد وسیم اکرم، مولانا حافظ منصور احمد، مولانا اسامہ رشید، حافظ معاذ علی، قاری محمد نویر، قاری محمد رفیع عمر، قاری محمد جنید اقبال، حافظ قاری عبدالرحمن، حافظ محمد شیراز، حافظ ظفر محمود اور دیگر معززین شامل تھے۔
تقریب میں ڈومیلی اور گردونواح سے اہل سنت کے احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع میں جذبہ حب الوطنی اور دینی اخوت نمایاں طور پر جھلک رہی تھی۔ مقررین نے وطنِ عزیز کے دفاع میں مصروف عمل اداروں کے لیے دعا کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



