سوہاوہ میں منشیات فروش کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید اور جرمانے کی سزا

سوہاوہ: عدالت نے تھانہ ڈومیلی کے منشیات کیس نمبر 126/23 بجرم CNSA 9 (1) 3D میں مجرم عبدالشکور کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ مجرم پر منشیات فروشی کا الزام ثابت ہونے پر معزز عدالت نے اسے 14 سال قید بامشقت اور چار لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
مجرم عبدالشکور کو سال 2023 میں جہلم پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے تفتیش کے بعد مجرم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا اور مقدمے کی بھرپور پیروی کی، جس کے نتیجے میں عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے پولیس کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مقدمے کی شاندار تفتیش اور قانونی پیروی پر انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔



