گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ میں سالِ دوئم کے طلباء کیلئے "الوداعی پارٹی” کا انعقاد

جہلم: گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ جہلم میں سالِ دوئم کے طلباء کے لیے "الوداعی پارٹی” کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا انعقاد ادارہ کے کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد منیب رضا کی زیر نگرانی ہوا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی سابقہ ایم پی اے چوہدری سعید اقبال اور سابق چیئرمین بلدیہ مرزا راشد ندیم تھے۔ دیگر مہمانانِ گرامی میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے روحِ رواں چوہدری تاثیر شامل تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت سالِ اول کے طالبعلم حنظلہ نے حاصل کی۔ سالِ دوم کے طالبعلم عاطف نے نعتِ رسولِ مقبول پیش کر کے حاضرین کے قلوب کو منور کیا۔ قومی ترانے کے بعد مشہور نابینا قوال گروپ نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ پیش کیا اور حاضرین سے بے پناہ داد وصول کی۔
انھوں نے مختلف قوالیاں اور طلباء کے فرمائشی گیت پیش کر کے ماحول کو گرمایا۔ طلباء نے بھی فنونِ لطیفہ کی مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سالِ اول اور سالِ دوم کے طلباء نے ڈرامے پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ گٹار کے ساتھ سالِ اول کے گروپ نے گانا پیش کیا۔
سالِ دوم کے طالبعلم سمیع اللہ نے سالِ دوم کی نمائندگی کرتے ہوئے ادارہ کی یادوں پر مبنی الوداعی تقریر پیش کی۔ مہمانِ خصوصی نے طلباء میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر شیلڈیں تقسیم کیں۔
ساتھ ہی ساتھ میڈیا کے نمائندوں میں بھی شیلڈیں تقسیم کی گئیں جن میں صحافی غلام مصطفیٰ بٹ، نعیم اختر بھٹی (پی ٹی وی نیوز)، ظہیر عباس کے علاوہ شاہد محمود کو کالج کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر ان کی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
پروگرام میں ادارہ ہذا کے طلباء کی کثیر تعداد کے علاوہ پروفیسرز نے بھی بھرپور شرکت کی۔ صحافی برادری کے نمائندگان نے شرکت کے ساتھ ساتھ مختلف طلباء، اساتذہ، پرنسپل ادارہ اور مہمانِ خصوصی کے تاثرات کو بھی ریکارڈ کیا۔ پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہلم ڈاکٹر شاہد سعید قریشی نے سالِ دوئم کے طلباء کو مستقبل کے حوالے سے مفید مشورے دیے اور بورڈ کے امتحانات کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
آخر میں فارغ التحصیل طلباء کے ساتھ یادگاری فوٹو سیشن بھی کیا گیا اور طلباء کے لیے بہترین ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔



