جہلم میں اشیاء خوردونوش کے من مانے نرخوں نے غریب عوام کی کمر توڑ دی، شہری فاقہ کشی پر مجبور

جہلم شہر اور ضلع بھر میں دکانداروں نے اشیاء خوردونوش کے من مانے نرخ مقرر کر کے غریب اور سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
سبزی، گوشت، پھل، دالیں اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے بہت دور ہو چکی ہیں، جبکہ انتظامیہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شکایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی اور مبینہ چشم پوشی کی وجہ سے بااثر دکانداروں نے اپنی مرضی سے نرخ مقرر کر رکھے ہیں۔ نتیجتاً عام شہری مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء خریدنا بھی ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔
مزید برآں، ناقص اور ملاوٹ شدہ خوراک کی کھپت میں اضافے سے عوام مختلف موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ اس سنگین صورتحال پر انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شہری و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے اور اصلاح احوال کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کی داد رسی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں، پرائس کنٹرول نظام کو فعال بنایا جائے اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔



