راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی غفلت، جہلم کے نواحی علاقے میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے

جہلم: راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کے باعث صفائی کا نظام صرف جہلم شہر اور چند اہم شاہراہوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے جبکہ گلی محلوں اور نواحی علاقوں کی حالت ابتر ہوتی جا رہی ہے۔
جہلم شہر کے قرب و جوار، خاص طور پر کوٹھا پرانا، چونترا، کھرالہ، مدینہ ٹاؤن، اسلام پورہ اور دیگر مضافاتی علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں جو پہاڑ جیسے ٹیلوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ان سے اٹھنے والا شدید تعفن شہریوں کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے، جس سے مختلف موذی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
گلیوں اور محلوں میں سیوریج کا گندہ پانی جمع ہونے کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صفائی کا عملہ ان علاقوں میں کبھی کبھار ہی دکھائی دیتا ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو پابند کریں کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور دیہی و مضافاتی علاقوں کو بھی مساوی توجہ دی جائے۔



