ہیلمٹ کا استعمال قیمتی جانیں بچا سکتا ہے، توصیف بیگ

جہلم: عیدالفطر کے دوران نوجوان ون ویلرز موٹرسائیکل سواروں کی المناک ہلاکتوں نے کئی گھروں کو ماتم میں بدل دیا۔ جب ان کے جسد خاکی گھروں میں پہنچے تو والدین، بہن بھائیوں اور عزیز و اقارب پر کیا قیامت ٹوٹی ہوگی۔
جہلم کی فلاحی تنظیم حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر توصیف بیگ کئی سالوں سے ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس کے تعاون سے موٹرسائیکل سواروں میں مفت ہیلمٹ تقسیم کرنے اور ہیلمٹ کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ جب بھی اندرون شہر اور جی ٹی روڈ پر وہ ہیلمٹ تقسیم کرتے ہیں تو نوجوانوں کو نہ صرف اس کے استعمال کی تلقین کرتے ہیں بلکہ انہیں قائل بھی کرتے ہیں کہ وہ ہمیشہ ہیلمٹ پہن کر موٹرسائیکل چلائیں۔
توصیف بیگ کا کہنا ہے کہ اگر موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تو قیمتی جانوں کے ضیاع میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ یہ بھی زور دیتے ہیں کہ نوجوان اپنے پیاروں کے ساتھ عید اور دیگر مذہبی تہواروں کی خوشیاں محفوظ طریقے سے منا سکیں۔ تاہم اس کے لیے والدین اور تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بچوں کی مؤثر کونسلنگ اور رہنمائی کریں تاکہ ٹریفک حادثات کو کم کیا جا سکے اور قیمتی جانیں محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ کم عمر بچوں کے ساتھ بے جا لاڈ پیار کرنے کی بجائے انہیں ون ویلنگ اور تیز رفتاری سے باز رکھنے کے لیے سخت اقدامات کریں۔ اسی طرح گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کو بھی چاہیے کہ وہ مناسب رفتار اختیار کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں تاکہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔



