جہلم کے بازاروں میں تجاوزات اور خریداروں کا بےہنگم رش، خواتین و بچوں کا گزرنا محال

جہلم: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جہلم شہر کے بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، جبکہ تجاوزات کے باعث خواتین اور بچوں کا گزرنا محال ہو گیا ہے۔ میونسپل کمیٹی کا شعبہ انسداد تجاوزات خاموش تماشائی بن گیا، جبکہ شہر کے مختلف چوکوں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔
رمضان کے آخری عشرے میں عید کی خریداری کے لیے شہریوں کا رش بڑھنے سے اندرون شہر کی سڑکیں اور بازار تنگ ہو چکے ہیں۔ شاندار چوک، ریلوے روڈ، سول لائن روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ اور جی ٹی ایس چوک سمیت مختلف علاقوں میں تجاوزات قائم ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔
بازاروں میں قائم تجاوزات اور سڑکوں پر پھیلتی بے ہنگم دکانوں کی وجہ سے شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خریداری کے لیے آنے والے افراد ٹریفک جام اور رش کی وجہ سے پریشان ہیں جبکہ میونسپل کمیٹی کا شعبہ انسداد تجاوزات تاحال کوئی موثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بازاروں اور اندرون شہر کی سڑکوں سے تجاوزات ختم کروائی جائیں تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے اور ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔



