فلاحی کمیٹی مجاہد آباد جہلم کی جانب سے 310مستحقین میں رمضان راشن کی تقسیم

جہلم: فلاحی کمیٹی مجاہد آباد، جو گزشتہ 40 سال سے زائد عرصے سے مستحق افراد کی مدد میں پیش پیش ہے، نے اس سال بھی رمضان المبارک کے موقع پر 310 گھرانوں میں رازداری کے ساتھ راشن تقسیم کیا۔ اس نیک اقدام کو شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور کمیٹی کے عہدیداران و ممبران کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
فلاحی کمیٹی مجاہد آباد کی بنیاد 1980 میں چوہدری محمد لطیف مرحوم نے رکھی تھی اور گزشتہ 7 سالوں سے ان کے صاحبزادے چوہدری عبدالرشید بطور سرپرست فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مستحق افراد کی امداد کو اپنا مشن بنا رکھا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عبدالرشید نے کہا کہ اس رمضان المبارک میں مستحق افراد کی عزتِ نفس کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کے گھروں میں ضروری اشیائے خور و نوش فراہم کی گئیں۔ علاوہ ازیں بیوہ خواتین کے لیے سلائی مشینیں، بچوں کو تعلیمی کتابیں، اور طلبہ و طالبات کے لیے فری ٹیوشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ غریب اور مستحق افراد کی مدد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کے افراد خصوصاً ان کے بیٹے، اس فلاحی مشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں اور اگر کوئی اور بھی اس نیک کام میں شامل ہونا چاہے تو فلاحی کمیٹی نے ہمیشہ خیرمقدم کیا ہے۔ چوہدری عبدالرشید نے فلاحی کمیٹی کے صدر چوہدری ظفر اقبال، جنرل سیکرٹری ملک سہیل انجم اور دیگر عہدیداران و ممبران کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس کارِ خیر میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔
انہوں نے خاص طور پر شاہد علی (محشر جنرل اسٹور والے) کا ذکر کرتے ہوئے ان کے حسنِ سلوک اور خوش اخلاقی کی تعریف کی، جنہوں نے راشن کی تقسیم کے دوران وصول کنندگان کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھا۔
شہریوں نے فلاحی کمیٹی مجاہد آباد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔



