جہلم میں رمضان سہولت بازار شہریوں کی توجہ کا مرکز، سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی جاری

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر قائم ماڈل بازار میں رمضان سہولت بازار شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
اندرون شہر میں لگائے گئے سستے رمضان بازار میں عوام کو بے پناہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جہاں گوشت، سبزیاں، پھل، کریانہ، چکن، انڈے، آٹا اور چینی سمیت تمام اشیائے خوردونوش عام مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے اخبار نویسوں اور مینجر سے بات چیت میں بتایا کہ رمضان بازار میں چینی 130 روپے فی کلو جبکہ چکن مقررہ نرخ سے بھی کم قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر تمام اشیاء بھی معیاری ہونے کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹ کے مقابلے میں 5 سے 15 فیصد کم قیمت پر فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔
رمضان سہولت بازار میں سینئر سٹیزن، خواتین اور معذور افراد کے لیے خصوصی کاونٹرز اور بیٹھنے کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جس پر شہری خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سستے بازار عوام کو مہنگائی سے بچانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ سہولیات رمضان بھر اسی طرح جاری رہیں گی۔



