رمضان المبارک؛ جہلم میں ناقص سموسوں اور پکوڑوں کی فروخت، شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے

جہلم: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جہلم شہر اور اس کے گردونواح میں سڑکوں کے دونوں اطراف قائم سموسے اور پکوڑے فروخت کرنے والی دکانیں حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس اور حفاظتی تدابیر کے بغیر اشیاء فروخت کر رہی ہیں۔
دکاندار دھول مٹی میں لپٹے ناقص اور غیر معیاری تیل میں تیار شدہ سموسے اور پکوڑے فروخت کر رہے ہیں، جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں خصوصاً ہیپاٹائٹس اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ حکام کی عدم دلچسپی کے باعث ناقص اشیاء کی فروخت کھلے عام جاری ہے جبکہ دکانداروں کی جانب سے ان اشیاء کو دھول مٹی اور مکھی مچھروں سے بچانے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
بیشتر دکانداروں نے اپنی دکانوں کے گرد جالیاں لگانے یا خوراک کو مکمل طور پر ڈھانپنے کی زحمت تک نہیں کی، جس سے شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کو روکا جا سکے اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



