آر پی او بابر سرفراز الپا کی امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے علماء اور تاجر برادری سے ملاقات

جہلم: آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے اپنے دورہ جہلم کے دوران ڈی پی او آفس میں ضلعی امن کمیٹی اور انجمن تاجران کے عہدیداران سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں شہر میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، سیکیورٹی اور ٹریفک کے مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

امن کمیٹی کے اجلاس میں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو بھی شریک تھے، جہاں علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہر میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اس موقع پر آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ علماء کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان کے تعاون سے ہی معاشرے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

آر پی او بابر سرفراز الپا نے انجمن تاجران کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی، جس میں شہر کی مجموعی سیکیورٹی، ٹریفک کے مسائل اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ تاجر رہنماؤں نے اس موقع پر کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہم مل کر اسے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

آر پی او راولپنڈی نے تاجروں کو یقین دلایا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم ترین ستون ہے اور ان کے مسائل کا حل انتظامیہ کی اولین ترجیح رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ جہلم کو ایک محفوظ اور خوشحال شہر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button