جہلم میں گراں فروشی عروج پر، سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ ہو سکا

جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں رمضان المبارک کے پانچویں روزے کو بھی سبزیوں اور پھلوں کی کھلے عام گراں فروشی جاری رہی جبکہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ ہونے کی شہریوں کی شکایات میں اضافہ ہو گیا۔
تحصیل جہلم کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقوں میں کہیں بھی سرکاری نرخنامے پر عمل نہیں ہو رہا اور سبزی و پھل فروش من مانے نرخوں پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے کسی قسم کے عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے، جس کی وجہ سے ناجائز منافع خوروں کو کھلی چھوٹ حاصل ہو چکی ہے۔
عوام نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں باقاعدہ پٹرولنگ کا نظام متعارف کروایا جائے تاکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
شہریوں نے مزید کہا کہ اگر فوری طور پر کارروائی نہ کی گئی تو گراں فروشی کی یہ لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس سے عام عوام کے لیے روزمرہ اشیاء خریدنا مشکل ہو جائے گا۔



