ڈپٹی کمشنر جہلم کا سول ہسپتال اور ای این ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال اور ای این ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے سول ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے طبی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں قائم پناہ گاہ کا بھی معائنہ کیا اور زیر تعمیر ٹراما سینٹر کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے سول ہسپتال کی پارکنگ کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے پارکنگ سے متعلق درپیش مسائل اور شکایات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ای این ڈی سینٹر شاندار چوک پہنچے جہاں انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شہریوں کو بہترین طبی سہولیات اور تمام ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران کو عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی تاکید کی تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت عامہ کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



