رمضان سہولت اسٹالز پر اشیائے خوردونوش سستی فراہم کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس


جہلم: رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان سہولت اسٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں واضح فرق رکھا جائے گا۔ چینی اور آٹے کے سیل پوائنٹس پر بھی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے جہلم پریس کلب کے وفد سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود کر رہے تھے جبکہ وفد میں صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، چوہدری تصور حسین، شہریار علی، راجہ مرزا، فاران بیگ، سید ناصر محمود، دانیال عابد اور عمیر احمد راجہ شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے بتایا کہ مشین محلہ میں رمضان سہولت بازار فعال ہو چکا ہے، جہاں عوام کو معیاری اور سستی اشیائے ضروریہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے فرائض مزید مؤثر انداز میں انجام دیں تاکہ رمضان المبارک میں مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ رمضان سہولت اسٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی نظر آئے گی اور ان کی معیاری دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی۔



