جہلم میں ممنوعہ ادویات کی فروخت اور غیر کوالیفائیڈ عملے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

جہلم: ضلع جہلم میں ممنوعہ ادویات کی فروخت اور غیر کوالیفائیڈ عملے کے ساتھ میڈیکل سٹور چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محکمہ صحت ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم صبا سحر نے کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز کی انسپکشن کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 21 میڈیکل سٹورز کے کیسز بورڈ میں پیش کیے گئے۔

کیسز کی سماعت کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم نے متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق فوری کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے تمام میڈیکل سٹورز جہاں کوالیفائیڈ فارماسسٹ موجود نہیں ہوگا، انہیں فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا۔

صبا سحر کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی غیر قانونی طور پر ادویات فروخت کرنے یا ناتجربہ کار عملے کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ انسپکشن اور سخت نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے۔

اجلاس میں شریک دیگر افسران نے بھی میڈیکل سٹورز کی سخت نگرانی اور قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ شہریوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محکمہ صحت کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت پر قابو پایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button