ڈپٹی کمشنر کی جہلم پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات، ستھرا پنجاب مہم اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ

جہلم: ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے جہلم پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران سے ملاقات کے دوران ستھرا پنجاب، انسداد تجاوزات مہم اور ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں، صفائی کے انتظامات اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔

ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے جہلم پریس کلب کے عہدیداران اور سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک خصوصی میڈیا سیشن کا انعقاد کیا، جس میں چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ملک اعجاز اعوان، نائب صدر مرزا قدیر بیگ، جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو، جائنٹ سیکرٹری چوہدری تصور حسین، فنانس سیکرٹری شہریار علی راجہ، سابق جنرل سیکرٹری وسیم قریشی، غلام قادر مخلص، صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، سید مستفیض اقبال بخاری، خاتون جرنلسٹ صائمہ سحر، عبدالرحمن قادری، سلطان رضوی، شبر زیدی، چوہدری محمد سعید، چوہدری دانیال عابد، شیخ ذوالفقار علی، شہریار علی راجہ، مرزا فاران بیگ، فضل حسین خان، طاہر محمود، انیس الرحمن بٹ، اسماعیل افتخار سمیت دیگر صحافی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان کو ستھرا پنجاب مہم، انسداد تجاوزات آپریشن اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے صفائی کے جاری منصوبوں پر تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی خصوصی توجہ سے ضلع جہلم میں درجنوں فلاحی اور ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت کا فوکس تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کے لیے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر ہے۔ ستھرا پنجاب کے تحت گلی محلوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے نصف سے زائد سینٹری ورکرز بھرتی کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید بھرتیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ڈی سی جہلم میثم عباس نے کہا کہ ضلع بھر میں 1300 سے زائد سینٹری ورکرز بھرتی کیے جا رہے ہیں، جو ہر گلی اور محلے سے کچرا اکٹھا کریں گے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب حکومت نے اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کا سب سے بڑا مسئلہ "لِلہ جہلم ڈیول کیرج وے” ہے، جس پر انتہائی تیزی سے کام جاری ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب خود اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دسمبر 2025 تک اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس کے لیے دن رات کام ہو رہا ہے۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں نے شہر کے مختلف مسائل، خصوصاً سیوریج، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کی کمی کی نشاندہی کی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے دوران شہر کے پرانے نالے کھولے جا رہے ہیں، جس سے پانی کی نکاسی میں بہتری آئے گی۔ نالوں کی صفائی بھی جاری ہے، جس سے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریڑھی بانوں کے لیے متبادل اور بہتر جگہ فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، تاکہ کاروبار متاثر نہ ہو۔

ڈی سی جہلم میثم عباس نے مزید کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ستھرا پنجاب، انسداد تجاوزات اور بیوٹیفکیشن کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس کی نشاندہی پر ضلعی انتظامیہ فوری ایکشن لیتی ہے۔ مثبت صحافت کے ذریعے شہریوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

جہلم پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران نے ڈپٹی کمشنر کی تفصیلی بریفنگ کو سراہا اور شہر کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بھی میڈیا کے مثبت کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ترقیاتی منصوبوں میں میڈیا کے تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔

ہمیں فالو کریں


Google News

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button