ڈپٹی کمشنر جہلم کا سرکاری سکولوں کا دورہ، تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کا جائزہ لیا


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول اور گورنمنٹ ہائی سکول منڈی موڑ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کی۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور اساتذہ سے تدریسی معیار اور امتحانات کی تیاری کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ امتحانات قریب ہیں، اس لیے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ کی تیاری پر بھرپور توجہ دیں تاکہ وہ بہترین نتائج حاصل کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے طلبہ سے مختلف موضوعات پر سوالات کیے اور انہیں نصیحت کی کہ وہ علم کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنائیں تاکہ ایک کامیاب اور مفید شہری کے طور پر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، دیانت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں صفائی کی صورتحال اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کو ایک صاف اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے سکولوں کے سربراہان کو تاکید کی کہ وہ تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے لیے جدید تدریسی طریقوں کو اپنائیں۔



