تاریخی قلعہ روہتاس میں سکھ یاتریوں کی آمد، گردوارہ چوا صاحب پر مذہبی رسومات ادا کیں


دینہ: تاریخی قلعہ روہتاس میں امریکہ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 26 سکھ یاتریوں کی آمد، جنہوں نے گردوارہ چوا صاحب پر حاضری دی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔ سکھ یاتریوں کی آمد پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے جبکہ حکومت پاکستان اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے تاریخی قلعہ روہتاس میں امریکہ اور کینیڈا سے 26 سکھ یاتریوں کا خصوصی وفد پہنچا، جنہوں نے گردوارہ چوا صاحب میں اپنی مذہبی عبادات ادا کیں اور عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مرد و خواتین یاتریوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ وہ پرسکون ماحول میں اپنی عبادات مکمل کر سکیں۔
سکھ یاتریوں نے پاکستان میں اپنے استقبال اور یہاں کے محبت بھرے رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی محبت اور مہمان نوازی بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا اخلاص اور محبت ہمیں ہمیشہ یاد رہے گی، اور ہر بار جب ہم یہاں آتے ہیں، تو ہمیں اپنے پن کا احساس ہوتا ہے۔
مذہبی رسومات اور گردوارہ چوا صاحب کی زیارت کے بعد سکھ یاتریوں کا قافلہ اگلی منزل حسن ابدال کی جانب روانہ ہوگیا، جہاں وہ مزید مقدس مقامات کی زیارت کریں گے۔ سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد سے بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور احترام کے رشتے کو مزید مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔



