پنجاب میں پانی کی قلت، کار واش اسٹیشنوں پر واٹر ری سائیکلنگ سسٹم لازمی قرار

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں پانی کی ممکنہ قلت کے پیش نظر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ ماحولیات نے تمام کار واش اسٹیشنوں پر 28 فروری تک واٹر ری سائیکلنگ سسٹم اور یو چینلز کی تنصیب لازمی قرار دے دی ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق، جو کار واش اسٹیشن مقررہ تاریخ تک ان ہدایات پر عمل نہیں کریں گے، انہیں 1 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا اور متعلقہ کار واش ایریا کو تاحکم ثانی سیل کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کی آئل واشنگ پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

عوامی سطح پر پانی کے غیر ضروری استعمال کو محدود کرنے کے لیے گھروں میں کار دھونے اور ہوز پائپ کے استعمال پر 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ مزید برآں لان، باغات، گالف کورسز اور گرین بیلٹس میں زیادہ پانی کے بہاؤ پر بھی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تعمیراتی کاموں میں زیر زمین پانی کے بے دریغ استعمال کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت صرف ری سائیکل شدہ پانی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کی بچت کو یقینی بنائیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ پانی کی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button