پاک فوج اور پولیس کی بدولت ہم اپنے گھروں میں سکون سے رہتے ہیں، مرتضیٰ کیانی

جہلم: برطانیہ میں مقیم جہلم کے معروف سینئر صحافی اور چیف ایگزیکٹو ایم ایم فائیو نیوز مرتضیٰ کیانی نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں صحافیوں کی آمد پر میزبان مرتضیٰ کیانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر جہلم پریس کلب کے نومنتخب جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو نے عہدیداران اور سینئر صحافیوں کا فرداً فرداً تعارف کروایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ کیانی نے کہا کہ "پاک فوج اور پولیس ہمارے وہ ادارے ہیں جن کی بدولت ہم اپنے گھروں میں سکون سے رہتے ہیں، یہ ہماری سرحدوں اور شہروں کی حفاظت کے لیے دن رات جاگتے ہیں، ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے جہلم پریس کلب کی نومنتخب ایگزیکٹو باڈی کو بلامقابلہ کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سینئر صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اس شعبے میں آنے والے نوجوان صحافیوں کی رہنمائی کریں جبکہ نئے صحافی سینئرز کا احترام کرتے ہوئے محنت، دیانتداری اور فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں۔
مرتضیٰ کیانی کا مزید کہنا تھا کہ "ہم سب کا ایک ہی مقصد ہونا چاہیے کہ ہم ضلع جہلم کے عوام کے مسائل کو اجاگر کریں اور ان کے حل کے لیے ایوانوں تک ان کی آواز پہنچائیں۔”
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو نے کہا کہ "جہلم پریس کلب کے ممبران معاشرتی رہنمائی اور مسائل کے حل کے لیے اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس سے معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔ مثبت اور کھری صحافت کرنے والے صحافیوں کے لیے جہلم پریس کلب کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔”
نائب صدر مرزا قدیر بیگ نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ کسی بھی خبر کو شائع کرنے سے قبل اس کی مکمل تحقیق کریں تاکہ بعد میں کسی شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔”
چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "تمام صحافیوں کو پریس کلب کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ جدید صحافت کے تقاضے بدل رہے ہیں، اور ہمیں بھی خود کو ان جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔”
تقریب میں سابق جنرل سیکرٹری وسیم قریشی، وائس چیئرمین چوہدری ظفر نور، فنانس سیکرٹری شہریار علی راجہ، چوہدری دانیال عابد، مرزا فاران بیگ، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری تصور حسین، بانی چیئرمین میڈیا ون سید اکرم حسین بخاری، فرینڈز جرنلسٹ فورم کے صدر مرزا راحیل بیگ، اور افس سیکرٹری عبدالغفار آزاد سمیت دیگر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع پرتکلف عشائیے سے کی گئی اور تمام شرکاء نے اس کامیاب نشست پر میزبان مرتضیٰ کیانی کا شکریہ ادا کیا۔



