ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کا فوری حل

جہلم: وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ڈی سی آفس جہلم میں کھلی کچہری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت روزانہ درجنوں شہریوں کے مسائل موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس روزانہ کھلی کچہری لگا کر شہریوں کے مسائل سنتے ہیں اور ان کی درخواستوں پر فوری طور پر احکامات جاری کر کے ان کے مسائل کا حل یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے اس اقدام سے انہیں بہت زیادہ ریلیف ملا ہے اور ان کے بنیادی مسائل حل ہو رہے ہیں۔
ڈی سی آفس میں روزانہ صبح 10 بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک کھلی کچہری لگائی جاتی ہے، جس میں بلا رکاوٹ اور بلا تفریق ہر شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس سے ملاقات کر سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے تمام ضلعی محکموں کے افسران روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری لگا رہے ہیں، جہاں شہری بغیر کسی سفارش کے اپنے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر حاصل کر سکتے ہیں۔
اس اقدام کے نتیجے میں عوام کو انتظامی سطح پر فوری ریلیف مل رہا ہے اور وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے کسی بھی دفتر میں بلا روک ٹوک جا کر اپنے مسئلے کا حل طلب کر سکتے ہیں۔



