2025 میں للِہ جہلم ڈیول کیرج وے مکمل کرکے جہلم کے عوام کو تحفہ دیں گے، بلال اظہر کیانی

پنڈدادنخان/ جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جہلم کے عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، اہلیانِ جہلم کے دیرینہ مطالبے پر للِہ جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔
رکنِ قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے للِہ تا جہلم ڈیول کیریج وے منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور ایف ڈبلیو او حکام نے انہیں منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
بلال اظہر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منصوبے کو ٹیک اوور کیا اور اس کے لیے مکمل فنڈنگ فراہم کی۔ ہم نے جہلم کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ یہ سڑک لاہور موٹروے اور جی ٹی روڈ کو آپس میں جوڑے گی اور علاقے کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 2025 میں منصوبہ مکمل کر کے عوام کو تحفہ دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے بروقت کام کے آغاز پر صوبائی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس، متعلقہ محکموں اور تعمیراتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
بلال اظہر کیانی نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی دورِ حکومت میں ناقص منصوبہ بندی اور سیاست کی نذر ہونے کی وجہ سے اس اہم پراجیکٹ کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ 100 کلومیٹر کی بنی ہوئی سڑک اکھاڑ دی گئی، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہم 2021 سے اس منصوبے کی بحالی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے تھے، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات اور انتھک محنت کی بدولت اس کے فنڈز جاری ہوئے اور اب یہ منصوبہ حقیقت بننے جا رہا ہے۔ للِہ جہلم روڈ نہ صرف لاہور اسلام آباد موٹروے کو جی ٹی روڈ سے جوڑے گی بلکہ یہ جہلم اور گردونواح کے عوام کے لیے سفری سہولتوں میں بھی انقلابی تبدیلی لے کر آئے گی۔
بلال اظہر کیانی نے اس منصوبے کو "تحصیل پنڈدادنخان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس منصوبے کی بروقت تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔



