اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ون ونڈ آپریشن شروع کیا جائے گا، بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر: برطانیہ میں کئی دہائیوں سے آباد پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے برطانوی معیشت میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے، چاہے وہ سپورٹس کا میدان ہو یا تعلیم، سیاست ہو یا بزنس، پاکستانی کمیونٹی نے اپنی انتھک محنت سے برطانوی معاشرے میں ایک خاص مقام حاصل کیا ہے۔
یہ بات او پی سی کے وائس چیئر پرسن، بیرسٹر امجد ملک نے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ تقریب گریٹر مانچسٹر کے شہر راچڈیل کے مقامی ہال میں برطانیہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات چوہدری خالد محمود اور محمد عابد کی جانب سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان، میئر آف راچڈیل شکیل احمد، ڈپٹی لیڈر آف راچڈیل کونسل علی عدالت، کونسلر نعیم الحسن، سابق میئر آف راچڈیل عاصم رشید، سابق میئر آف اولڈہم عتیق الرحمٰن، اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چوہدری خالد نے اس تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔
بیرسٹر امجد ملک نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے "ون ونڈ آپریشن” شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے تمام مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہوں۔ انہوں نے دسمبر کے مہینے میں 45 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی ترقی کی سمت میں اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔
ممبر آف پارلیمنٹ افضل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے بچوں میں لیڈرشپ کی خصوصیات پیدا کرنی چاہیے تاکہ سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔ میئر آف راچڈیل شکیل احمد نے کہا کہ بیرسٹر امجد ملک ایک پڑھے لکھے اور محنتی انسان ہیں اور ان سے امید ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
ڈاکٹر لیاقت ملک نے اس بات پر زور دیا کہ 80 سے زائد گرومنگ گینگ کے مجرم سفید فام ہیں اور سوشل میڈیا پر پاکستانیوں کے خلاف چلنے والی منظم تحریک کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر نارتھ ویسٹ جرنلسٹ کمیونٹی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی دی گئیں۔



