پنڈدادنخان کے پاسپورٹ آفس میں ناقص سہولیات، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان اور اس سے ملحقہ علاقوں کی حالت زار عوامی نمائندوں اور حکومتی اداروں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت بن چکی ہے۔
تحصیل پنڈدادنخان کے مسائل کو کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور عوام کو کیڑے مکوڑوں کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ للِہ جہلم ڈیول کیرج منصوبے کی نامکمل تعمیر پہلے ہی عوام کے لیے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ خستہ حال سڑکیں سفر کو ایک اذیت ناک تجربہ بنا دیتی ہیں۔
شہریوں نے واحد پاسپورٹ آفس کی حالت پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شکایات کے مطابق آفس میں اکثر اوقات بجلی غائب رہتی ہے اور موجود جنریٹر صرف نمائشی طور پر رکھا گیا ہے، جس میں پٹرول ڈلوانے کا بھی انتظام نہیں کیا جاتا۔ اس صورتحال کے باعث عوام کو اپنے ضروری کاموں کے لیے بار بار آفس کے چکر لگانے پڑتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ پیسے کا ضیاع بھی ہوتا ہے۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے سوال کیا ہے کہ پاسپورٹ کی مد میں ہزاروں روپے وصول کرنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات کیوں فراہم نہیں کی جاتیں؟ انہوں نے سیاسی قائدین کو تنبیہ کی ہے کہ انہوں نے اس بے توجہی اور عوامی مشکلات کو نظرانداز کرنے کا خمیازہ آئندہ انتخابات میں ووٹ کے ذریعے بھگتنا پڑے گا۔
اہل علاقہ نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ نہ صرف زیر التوا منصوبے مکمل کیے جائیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جائیں۔



