پنڈدادنخان کا پاسپورٹ آفس رشوت ستانی کا گڑھ، شہریوں کو جائز کام کیلئے بھی پریشانی کا سامنا

پنڈدادنخان کا پاسپورٹ آفس اہلکاروں کے لیے سونے کی چڑیا بن گیا، جہاں رشوت ستانی کا بازار گرم ہے اور شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک معمول بن چکا ہے۔ اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے جائز کام کے لیے بھی رشوت دینا لازمی ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے شہری شدید پریشان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے پاسپورٹ آفس میں روزانہ شہریوں کو خوار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی شکایات کے مطابق، عملہ معمولی کام کے لیے بھی کئی کئی چکر لگواتا ہے، اور جائز کام کے بدلے رشوت وصول کرتا ہے۔ پاسپورٹ بنوانے کی غرض سے آنے والے شہری جن میں اکثریت روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والوں کی ہوتی ہے، اضافی پیسے دینے کے باوجود خوار ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس غیر منصفانہ صورتحال کے بارے میں متعدد بار انچارج پاسپورٹ آفس کو شکایات کی گئیں، لیکن انچارج نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ان کی خاموشی یا مبینہ ملی بھگت کے باعث شہریوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ پنڈدادنخان پاسپورٹ آفس میں فرض شناس اور دیانتدار عملہ تعینات کیا جائے۔ ساتھ ہی موجودہ عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو ان کی جائز سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور رشوت ستانی کا خاتمہ ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button