اوورسیز کیلئے پاکستان کے ہر ضلع میں کلب بنائیں گے، بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر: بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دینے کے لیے ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانی کلب بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں وہ نہ صرف رہائش اختیار کرسکیں گے بلکہ اپنی خاندانی تقریبات بھی منعقد کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔
او پی ایف کے وائس چیئرمین اور مسلم لیگ ن کے انٹرنیشنل افیئرز کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے اپنے برطانیہ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بدلنے کے بعد مشکلات بھی پیش آتی ہیں اور اوورسیز پاکستانی کمیشن میں غفلت تھی، لیکن اب اسے مکمل طور پر فعال کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ او پی سی کا سٹاف اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے اور اس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا بھی ہے۔
امجد ملک نے کہا کہ ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانی کمیٹیاں اور ایڈوائزری کونسل 90 دنوں کے اندر مکمل کرلی جائیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کل 35 ہزار شکایات میں سے 25 ہزار کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونان میں کشتی کے حادثے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور پاکستان کے سفیر آفتاب قریشی اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔
امجد ملک نے انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہر چھ ماہ بعد کسی نہ کسی کشتی کے ڈوبنے کے واقعات پیش آتے ہیں جس سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد اوورسیز پاکستانیوں کے اجلاس کی صدارت کریں گی۔



