جہلم میں مبینہ پولیس مقابلہ، پولیس حراست میں ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق

جہلم میں پولیس اور منشیات فروشوں کے مابین مبینہ پولیس مقابلہ، پولیس حراست میں ملزم قاسم ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ گزشتہ روز ملزم قاسم نے پولیس کانسٹیبل کو فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ چک دولت میں منشیات فروشوں اور پولیس کے مابین مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں پولیس حراست میں ملزم قاسم ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم قاسم کو اسلحہ کی برآمدگی کے بعد تھانے واپس لا رہے تھے کہ ملزم کے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کے لئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اپنے ساتھیوں کی فائرگ سے ملزم قاسم زخمی ہوگیا، ملزم کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے ملزم کو گزشتہ روز اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ملزم نے پولیس کانسٹیبل عمر جاوید کو مزاحمت کے دوران فائرنگ سے زخمی کیا تھا جس کی گرفتاری کی فوٹیج بھی منظر عام پر آچکی ہے۔
جاں بحق ملزم کا پوسٹمارٹم جاری ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری ہسپتال میں موجود ہے۔



