سردی کی لہر نے خشک میوہ جات فروخت کرنے والوں کی چاندی کر دی

جہلم: سردی کی لہر نے خشک میوہ جات فروخت کرنے والے پٹھانوں کی چاندی کردی۔ چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے خشک میوہ فروخت کرنے والے دکاندار اور ریڑھی بان من مرضی کے نرخ وصول کرنے لگے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ انتظامیہ بے بسی کی تصویر بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی جہلم شہر سمیت گردونواح میں خشک میوہ جات کی فروخت بڑھ گئی جس کی وجہ سے دکانداروں اور ریڑھیوں پر خشک میوہ فروخت کرنے والے دکانداروں کی چاندی ہو گئی ہے اور وہ من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
انتظامیہ اس حوالے سے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ بار بار شکایات کے باوجود انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے اور خشک میوہ جات کے نرخ مقرر کرنے کامطالبہ کیا ہے۔



