شاندار چوک جہلم میں غیر قانونی رکشہ سٹینڈ قائم، شہریوں کا پیدل چلنا دشوار ہو گیا

جہلم شہر کے وسط شاندار چوک میں چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے چاروں اطراف غیر قانونی رکشہ سٹینڈ قائم کر لئے۔ خواتین، بچوں، بزرگوں اور طلباء طالبات کا پیدل چلنا دشوار ہو گیا۔ رکشہ ڈرائیوروں کی چیرہ دستیوں سے شہری عاجز آگئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس جہلم اور میونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے جہلم شہر کے وسط میں شاندار چوک کے چاروں اطراف غیر قانونی چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے رکشہ سٹینڈ قائم کر کے بزرگ شہریوں خواتین بچوں سمیت طلباء وطالبات کیلئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔
دکانداروں اور رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے واقعات روزانہ کامعمول بن چکے ہیں جبکہ خریداری کیلئے شہر آنیوالے لوگوں کا پیدل چلنابھی محال ہو چکا ہے۔
عوامی، سماجی و شہری حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پولیس سے نوٹس لینے اور شاندار چوک میں چنگ چی رکشہ سٹینڈ ختم کرنے کامطالبہ کیاہے۔



