پنڈدادنخان میں رات کی تاریکی میں شہر کی مین سڑک کھود کر ٹیلی فون کی تاریں نکال لی گئیں

پنڈدادنخان: مقامی انتظامیہ اور پی ٹی سی ایل کی مبینہ ملی بھگت یا کچھ معاملہ،رات کی تاریکی میں شہر کی مین سڑک کھود کر ٹیلی فون کی تاریں نکال لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں للِہ چوک سے بس اسٹینڈ تک مین سڑک میں گڑھے کھود کر ٹیلی فون کی ناکارہ تار کو راتوں رات زمین سے نکال جا رہا ہے۔
اس سے پہلے میڈیا کی نشاندہی پر مقامی انتظامیہ نے بغیر اجازت ایک گڑھا کھودنے پر پی ٹی سی ایل کا سامان ضبط کیا اور 30 ہزار وصول کئے، اس کے بعد کھلی چھٹی دے دی یا این او سی جاری کیا؟ اس پر مقامی انتظامیہ کا موقف نہ آ سکا۔ چیف آفیسر ارباب عارف کا فون نمبر بھی بند ہے۔
انجمن تاجران کے صدر چوہدری زبیر جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور شہر کو کھنڈر نہ بنائیں۔ محکموں کی ملی بھگت سے رات گئے گڑھے کھود کر تار چوری کی جا رہی ہیں۔ اس سے پہلے بھی محکمہ سوئی گیس نے گڑھے کھودے جو کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی مرمت نہ ہو سکے۔ اگر انتظامیہ نے این او سی جاری کیا تو پہلے سے کھوے گئے گڑھے کیوں نہ مرمت ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور سڑک کو فی الفور مرمت کریں۔



